عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کردیا۔ ادارے کے بقیہ 25 فیصد شیئرز خریدنے کیلیے نجکاری کمیشن کو رقم بھی جمع کرادی۔
عارف حبیب کہتے ہیں ہم پی آئی اے کو جلد ٹیک اوور کرنے کیلیے بالکل تیار ہیں۔ نجکاری کمیشن ایف بی آر سے جہازوں کیلیے این او سی جلدی دلوائے۔
عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے بقیہ 25 فیصد شیئرز خریدنے کیلیے لیٹر آف کریڈٹ اور بینک گارنٹی جمع کرادی۔ نجکاری کمیشن کو 45 ارب روپے کی رقم بھی ادا کردی گئی۔
اس سے قبل حکومت پی آئی اے کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کیلیے پانچ ارب 98 کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کی بھی منظوری دے چکی ہے، جبکہ ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز مالیاتی نتائج کی منظوری بھی دے چکے ہیں۔
عارف حبیب کنسورشیم نے 23 دسمبر کو 135 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز حاصل کیے تھے جس کے بعد فوجی فرٹیلائزر کمپنی باقی 25 فیصد حصص خریدنے کی پیشکش کے ساتھ عارف حبیب کنسورشیم کا حصہ بن گئی۔
عارف حبیب کنسورشیم میں عارف حبیب کارپوریشن، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی اسکول، اے کے ڈی گروپ، لیک سٹی ہولڈنگز اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی شامل ہیں۔