مزید مالی معاونت لینے کا ارادہ نہیں، آئندہ کا فوکس کمرشل فنانسنگ پر ہوگا، وزیر خزانہ

image

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت سعودی عرب کے بعد اب دیگر دوست ممالک سے مزید مالی معاونت لینے کا ارادہ نہیں رکھتی اور آئندہ کا فوکس کمرشل فنانسنگ پر ہوگا۔

پاکستان یورپی یونین بزنس فورم کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ پر مشاورت جاری ہے جبکہ آئی ایم ایف کا وفد مئی کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ان کے مطابق اگلے ماہ آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط موصول ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پنشن اصلاحات پر کام جاری ہے جو آئندہ سال سے مسلح افواج پر بھی لاگو ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میکرو اکنامک استحکام کے ساتھ ساتھ ساختی اصلاحات بھی جاری ہیں اور ڈیجیٹل معیشت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے گارنٹی فراہم کردی ہے جبکہ چینی حکام کے ساتھ بات چیت آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں 250 ملین ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کیا جائے گا اور آئندہ دو سے تین سال میں یورو اور سکوک بانڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان بتدریج دو طرفہ مالی معاونت کے بجائے کمرشل فنانسنگ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیرف اصلاحات کے تحت کسٹم ڈیوٹیز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی گئی ہے جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور گردشی قرضے میں کمی پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کی کارکردگی بہتر بنانے اور سبسڈی میں کمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کر کے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ سرکاری اداروں (SOEs) کی اصلاحات اور نجکاری کا عمل بھی جاری ہے، جس میں پی آئی اے کی نجکاری شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو بھی آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ اس سال ڈیبٹ سروسنگ کاسٹ میں کمی متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی اور علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں غذائی تحفظ، ترسیلات زر اور توانائی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US