بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بلے باز ویرات کوہلی کے ایک کمسن مداح کی دل شکستہ کر دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں بچے کی مایوسی اور جذباتی کیفیت نے دیکھنے والوں کو افسردہ کر دیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننھا مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے آٹوگراف لینے کے لیے بار بار قریب جانے کی کوشش کرتا ہے تاہم سیکورٹی اہلکار اسے ہر بار روک دیتے ہیں۔ بچہ متعدد مرتبہ آواز بھی لگاتا ہے، مگر کوہلی اس پر توجہ دیے بغیر آگے بڑھ جاتے ہیںجس سے بچے کی امیدیں ٹوٹ جاتی ہیں۔
مایوسی کے اس عالم میں بچہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور زار و قطار رونے لگا۔ شدید دل گرفتگی کے باعث اس نے غصے میں آ کر اپنا بیٹ زمین پر دے مارا جو اس کی بے بسی اور ٹوٹے ہوئے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے افسوس کا اظہار کیا اور کھلاڑی کے رویے پر تنقید کی۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ معروف شخصیات کو اپنے مداحوں، خصوصاً بچوں کے ساتھ زیادہ ہمدردی اور توجہ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو کے وقت اور مقام کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہو سکی تاہم بتایا گیا ہے کہ رائل چیلنجرز بینگلور سے وابستہ ویرات کوہلی پیر کی شب دہلی میں موجود تھے۔