انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تازہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں متعدد کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں ردوبدل دیکھنے میں آیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بنگلا دیش کے توحید ہیری دوئے 9 درجے ترقی کے بعد 39ویں اور پرویز حسین 3 درجے بہتری کے بعد 40ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے ابرار احمد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز 3 درجے ترقی کے بعد 18ویں نمبر پر آ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔
ون ڈے رینکنگ میں بیٹرز کے درمیان نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل پہلی اور بھارت کے ویرات کوہلی دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ بنگلا دیش کے نجم الحسین شنتو 11 درجے ترقی کے بعد 32ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ون ڈے بولرز میں راشد خان پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ پاکستان کے ابرار احمد 11ویں نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا ایک درجہ بہتری کے بعد دسویں نمبر پر آ گئے۔
بنگلا دیش کے شرف الاسلام 11 درجے، مستفیض الرحمان 14 درجے اور ناہید رانا 16 درجے ترقی کے ساتھ رینکنگ میں آگے آئے ہیں۔ون ڈے آل راؤنڈرز میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔