پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹر میں آج دو آسٹریلوی کپتانوں کے درمیان بھرپور جوڑ پڑے گا، جہاں مارنس لبوشین کی قیادت میں حیدرآباد کنگز مین اور ایسٹن ٹرنر کی ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گی۔ دونوں کپتانوں نے اپنی ٹیموں کو شاندار قیادت فراہم کرتے ہوئے پلے آف مرحلے تک پہنچایا ہے۔
آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے اس اہم مقابلے کی فاتح ٹیم جمعہ کے روز دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی، جبکہ اتوار کو ہونے والے فائنل میں پشاور زلمی پہلے ہی اپنی جگہ پکی کرچکی ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ کے دوران پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشنز پر رہی ہے اور ان کی طاقت ان کے فارم میں موجود اوپنرز سٹیو سمتھ اور صاحبزادہ فرحان ہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین نے ٹورنامنٹ میں حیران کن کم بیک کیا۔ اپنے ابتدائی چاروں میچ ہارنے کے بعد ٹیم نے مسلسل پانچ فتوحات حاصل کر کے 10 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا۔
حیدرآباد کے لیے صائم ایوب کی آؤٹ آف فارم ہونا پریشان کن ہے، تاہم ان کے پاس محمد علی، حنین شاہ اور عاقف جاوید کی صورت میں ایک مضبوط فاسٹ بالنگ اٹیک موجود ہے جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ آج کے بڑے ٹاکرے کے لیے لاہور کے شائقین کرکٹ میں بھرپور جوش و خروش پایا جارہا ہے اور اسٹیڈیم کے مکمل بھرجانے کی توقع ہے۔