پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے پلے آف اور فائنل میچز کے لیے شائقینِ کرکٹ کی سہولت کی خاطر پارکنگ اور انٹری گائیڈ جاری کردی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ان ہدایات کا مقصد قذافی اسٹیڈیم لاہور آنے والے شائقین کو کسی بھی قسم کی دشواری اور رش سے بچانا ہے۔
بورڈ نے شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں رش سے بچنے کے لیے وقت سے پہلے پہنچیں تاکہ میچ کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔ پارکنگ کے حوالے سے جاری کردہ پلان کے مطابق، عام عوام (جنرل پبلک) کے لیے لبرٹی مارکیٹ اور سن فورٹ ہوٹل میں پارکنگ زونز مختص کیے گئے ہیں۔
اسٹیکر ہولڈرز کے لیے الگ سے انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت گرین اسٹیکر ہولڈرز گلبرگ کالج میں اپنی گاڑیاں پارک کر سکیں گے، جبکہ ریڈ اسٹیکر ہولڈرز کے لیے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم کے باہر پارکنگ کی جگہ مخصوص کی گئی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے تین بڑے پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں جن میں فیفا گیٹ، آرچری گیٹ اور گلبرگ کالج کی مین انٹرنس شامل ہیں۔
پی سی بی نے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مقررہ کردہ ہدایات پر عمل کریں اور بروقت آمد کو یقینی بنائیں تاکہ سیکیورٹی اور چیکنگ کے مراحل آرام سے مکمل ہوسکیں۔