پی ایف ایف کے سربراہ کی کینیڈا میں فیفا کانگریس سے قبل اہم ملاقاتیں

image

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں وفد نے کینیڈا کے شہر وینکوور میں 36ویں اے ایف سی کانگریس میں شرکت کے بعد اہم اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔

پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی، نائب صدر حافظ ذکاء اللہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر، جو جمعرات کو ہونے والی 76ویں فیفا کانگریس میں شرکت کے لیے کینیڈا میں موجود ہیں، نے جرمن فٹبال ایسوسی ایشن (DFB) کے صدر برنڈ نیوئنڈورف، کینیڈا ساکر کے صدر پیٹر آگروسو، چینی فٹبال فیڈریشن (CFA) کے صدر سونگ کائی اور تاجکستان فٹبال فیڈریشن (TFF) کے نائب صدر جلالوف اسکندر سے ملاقات کی۔

جرمن فٹبال ایسوسی ایشن نے کوچز کی تربیت اور خواتین کے فٹبال سمیت مختلف شعبوں میں پی ایف ایف کو مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ برنڈ نیوئنڈورف نے پاکستانی کھلاڑیوں اور کوچز کو جرمنی آنے کی دعوت دی تاکہ وہ وہاں کے اعلیٰ معیار کے فٹبال نظام سے سیکھ سکیں۔

کینیڈا ساکر کے صدر کے ساتھ ملاقات میں پی ایف ایف کے صدر نے فیفا کانگریس کے دوران بہترین میزبانی پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔ چونکہ کینیڈا کا فٹبال ڈھانچہ مضبوط ہے، اس لیے گراس روٹ سطح پر فٹبال کی ترقی اور کوچ ایجوکیشن کورسز میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ نمائشی میچوں کی ایک سیریز کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں پی ایف ایف نے کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کو متحرک کرنے کے لیے اپنے تعاون کی پیشکش کی۔

چینی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ نے چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کو ’آئرن برادرز‘ قرار دیا۔ سی ایف اے نے پاکستان کو فٹسال ٹریننگ میں تعاون کی پیشکش کی، جبکہ پی ایف ایف نے سونگ کائی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں فیڈریشنز نے ورلڈ کپ کے بعد ایک تفصیلی ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب تاجکستان فٹبال فیڈریشن نے پاکستانی ریفریز کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی، جبکہ گول کیپرز کی کوچنگ میں بھی مدد فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔ خواتین کے فٹبال کی ترقی کے حوالے سے تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

منگل کے روز ہونے والی یہ ملاقاتیں کینیڈا میں پی ایف ایف وفد کے ایک جامع منصوبہ بندی کا حصہ تھیں، جس کے دوران وفد دیگر متعدد فیڈریشنز کے عہدیداران سے بھی ملاقات کرے گا تاکہ فٹبال کی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US