یورپی سرمایہ کاری بینک کا پاکستان کیلیے 160 ملین یورو فنانسنگ کا اعلان

image

اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے موقع پر یورپی سرمایہ کاری بینک (EIB) نے پاکستان کے لیے 160 ملین یورو کی فنانسنگ کا اعلان کیا ہے۔

یہ سرمایہ کاری یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تعاون فراہم کرنا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس فنڈنگ میں سے 100 ملین یورو صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ 21 لاکھ گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جس میں عوامی شمولیت اور ماحولیاتی معیار کو خاص طور پر مدنظر رکھا جائے گا۔

مزید برآں 60 ملین یورو کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت شہر میں دو فلٹریشن پلانٹس تعمیر کیے جائیں گے جن سے یومیہ 30 کروڑ لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا اور اس سے تقریباً 22 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

یورپی انویسٹمنٹ بینک کے حکام نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینک کی پاکستان میں دوبارہ سرمایہ کاری سے باہمی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمزور طبقات کے لیے محفوظ رہائش اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، اور بینک پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US