کراچی: پریڈی میں جیولر شاپ سے 20 کروڑ کا سونا اور زیور چوری

image

کراچی کے علاقے صدر پریڈی میں رواں سال کی بڑی نقب زنی کی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم چور جیولرز شاپ سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور زیورات لے کر فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزمان کو دکان میں داخل ہوتے اور واردات انجام دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق چوری کیے گئے سونے اور زیورات کی مجموعی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈھائی کلو سونا، 60 تولے کے سونے اور چاندی کے زیورات لے اڑے۔ رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان تالے کاٹ کر دکان میں داخل ہوئے اور تقریباً ساڑھے 4 بجے واردات شروع کی جو 5 بجے تک جاری رہی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ جیولرز نے پریڈی تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرادی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US