کراچی کے علاقے ماڑی پور میں پولیس نے سمندر کنارے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی غیر قانونی چھالیہ برآمد کرلی۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق یہ کارروائی رحمان گوٹھ میں اس وقت کی گئی جب ایک ٹرک کے ذریعے لائی گئی چھالیہ کی کھیپ کو آف لوڈ کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے موقع سے چھالیہ کے 134 بورے برآمد کیے، جن کا مجموعی وزن 1650 کلو (تقریباً 41 من) ہے۔ برآمد کی گئی اس چھالیہ کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 50 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس مال کو ٹرک کے ذریعے سمندر کنارے پہنچایا گیا تھا، جہاں اسے ایک ہٹ (جھونپڑی) میں ڈمپ کیا جانا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے دو ملزمان سید ایوب اور عمران کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کے مکمل نیٹ ورک کی تلاش کے لیے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اسمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنانے پر ایس ایس پی کیماڑی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی سطح پر اسمگلنگ کے انسداد کے لیے پولیس ایکشن کو مزید تیز کیا جائے، مخبر نیٹ ورک کو وسعت دی جائے اور بین الاضلاعی روابط کو مزید ٹھوس اور مربوط بنایا جائے تاکہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہوسکے۔