سیکریٹری اسپورٹس پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، کھیلوں کے فروغ کے منصوبوں پر غور

image

سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل ڈیولپمنٹ سب کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ایڈیشنل سیکریٹری شبیر حسین چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ مرزا ندیم بیگ، پی ایم یو اسپورٹس کے افسران سمیت فنانس اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبے میں کھیلوں کی 11 مختلف اسکیموں کو منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں جدید ترین اسٹیٹ آف دی آرٹ سوئمنگ پول کی تیاری مکمل ہوچکی ہے جبکہ لاہور میں پاکستان کا ایک شاندار اسکواش کمپلیکس بھی تیار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کھلاڑیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں واقع اسپورٹس میڈیسن کلینک کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا۔

صوبے کے دیگر حصوں میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان میں ہاکی ٹرف اور تونسہ میں شاہ سلمان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلوں کی اضافی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں ریسلنگ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ چیچہ وطنی میں اسپورٹس گراؤنڈ اور جلال پور بھٹیاں میں منی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر کام ہورہا ہے جبکہ کمالیہ، کسوکی، کالوکی اور سکھوکی جیسے علاقوں میں بھی نئے اسپورٹس گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں۔ سیکریٹری اسپورٹس پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان تمام اقدامات کا واحد مقصد پنجاب میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US