کل کے میچ میں طے شدہ پلان کے مطابق میدان میں اتریں گے، رچرڈ گلیسن

image

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بالر رچرڈ گلیسن کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی نے ہمارے خلاف بہترین کھیل پیش کیا، تاہم اب ہم ماضی کی ناکامیوں پر توجہ دینے کے بجائے کل کے میچ میں اپنے طے شدہ پلان کے مطابق میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے ٹیم کے ماحول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مینجمنٹ نے تمام کھلاڑیوں کو متحد رکھا ہوا ہے، ٹیم پر کسی قسم کا دباؤ ہے اور نہ ہی توقعات کا کوئی اضافی بوجھ محسوس کررہے ہیں۔

گلیسن کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کا بولنگ کمبی نیشن بہترین ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ حیدرآباد کنگز کے خلاف ہونے والے مقابلے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور ہم اسی بنیاد پر اپنی حکمت عملی تیار کریں گے، خاص طور پر میری کوشش ہوگی کہ ان کے ٹاپ تھری کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کرکے ٹیم کو برتری دلاؤں۔

آسٹریلوی کھلاڑیوں گلین میکسویل اور مارنس لبوشین کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی بہت بڑا پلان نہیں بنایا، بلکہ صرف بنیادی کرکٹ اور اپنی مہارت پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

کراؤڈ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے رچرڈ گلیسن کا کہنا تھا کہ شائقین کی موجودگی سے اسٹیڈیم کا ماحول بہت زبردست ہوجاتا ہے اور کراؤڈ کے بغیر کھیل میں وہ بات نہیں رہتی، لیکن بطور پروفیشنل کھلاڑی ہمیں ہر طرح کی صورتحال میں بہترین پرفارمنس دینی ہوتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ وہ پاکستانی کھانوں کے بہت بڑے مداح بن چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US