وزارت خزانہ کی اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق اپریل میں مہنگائی کی شرح 8 سے 9 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ مارچ میں یہ شرح 7.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری میں مہنگائی 7 فیصد رہی تھی جبکہ جولائی سے مارچ کے دوران مجموعی اوسط مہنگائی 5.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اسی مدت میں 5.3 فیصد تھی۔
وزارت خزانہ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور خوراک کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے، جس کے اثرات ملکی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی سمیت دیگر معاشی اشاریوں کے لیے بڑا چیلنج ہے جبکہ اس عرصے میں ترسیلاتِ زر، درآمدات، برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔