کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، خانیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، گجرات، پاکپتن اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں کی گئیں، جہاں ملزمان دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں بارودی مواد، دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار افراد میں خطرناک دہشت گرد بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک کارروائی میں مبینہ دہشت گرد پیر شمس کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے ملزم عبداللطیف کو بھی دھماکا خیز مواد کے ساتھ حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے جبکہ صوبے بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔