ڈیتھ اوورز میں بولنگ کمزور رہی اسی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکلا، شاداب خان

image

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پی ایس ایل سیزن 11 کے ایلیمینیٹر 2 میں شکست کے بعد کہا ہے کہ ٹیم کو ڈیتھ اوورز میں بولنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں حیدرآباد کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

حیدرآباد کنگز مین نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ پر 186 رنز بنائے جبکہ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 7 وکٹ پر 184 رنز بنا سکی۔میچ کا فیصلہ کن لمحہ آخری اوور میں آیا جہاں حنین شاہ نے 6 رنز کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں شاداب خان نے کہا کہ حنین شاہ نے شاندار بولنگ کی اور انجری کے بعد واپسی پر بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں ہماری بولنگ کمزور رہی، اسی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکلا۔

شاداب خان نے مزید کہا کہ حیدرآباد کنگز کی فیلڈنگ بھی بہترین رہی اور اہم رنز بچائے گئے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم کو بیٹنگ میں بھی مطلوبہ مومینٹم نہیں مل سکا۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بابر اعظم ٹرافی جیتیں تاہم حیدرآباد کنگز کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے مقابلہ سخت نظر آ رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US