حیدرآباد کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

image

پاکستان سپر لیگ کے سیزن 11 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدر آباد کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔حیدرآباد کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 186 رنز بنائے۔ عثمان خان نے شاندار 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان مارنوس لیبوشین نے 39، صائم ایوب نے 38 اور کوشال پریرا نے 37 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 184 رنز ہی بنا سکی۔ مارک چیپمین نے 43، حیدر علی نے 31 اور ڈیون کونوے نے 30 رنز بنائے جبکہ شاداب خان نے 22 اور کرس گرین نے 21 رنز اسکور کیے۔

میچ کا فیصلہ کن مرحلہ آخری اوور میں ہوا جہاں حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 6 رنز کا کامیاب دفاع کیا اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

حیدرآباد کنگز کی جانب سے حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسان خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید نے ایک، ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ حیدر آباد کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان فائنل اتوار کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US