سرمایہ کاروں کے لیے ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اسٹاک مارکیٹ میں نئی لسٹنگز کا سلسلہ جاری ہے۔
ایس ای سی پی نے ٹائر بنانے والی ملکی کمپنی کے آئی پی او کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ رواں مالی سال میں اسٹاک ایکسچینج میں آئی پی اوز کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔
منظور شدہ آئی پی او کے تحت سروس لانگ مارچ ٹائرز کے 38 کروڑ 97 لاکھ سے زائد حصص فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ یہ کمپنی ٹرک اور بس ریڈیل ٹائروں کی تیاری کے شعبے سے وابستہ ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق یہ آئی پی او بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔ مجموعی حصص میں سے 75 فیصد ادارہ جاتی اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کے لیے جبکہ 25 فیصد ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
ریگولیٹر کے مطابق مقامی سرمایہ کاروں کی مضبوط شرکت سے مارکیٹ میں اعتماد برقرار رہا ہے اور کیپٹل مارکیٹ میں سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔