پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ریکارڈ مہنگائی کے اثرات واضح ہونا شروع ہوگئے ہیں، جس کے باعث اپریل 2026 کے دوران ملک میں ایندھن کی طلب اور فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت کا حجم 13 لاکھ 59 ہزار ٹن رہا، جو کہ مارچ کے مقابلے میں 6 فیصد اور گزشتہ برس اپریل 2025 کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے۔
ماہانہ بنیادوں پر ہونے والی اس کمی میں سب سے زیادہ اثر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت پر دیکھا گیا۔ اپریل میں پیٹرول کی فروخت 8 فیصد کمی کے بعد 6 لاکھ 15 ہزار ٹن رہی، جبکہ ڈیزل کی فروخت میں 7 فیصد کمی واقع ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں 5 لاکھ 50 ہزار ٹن ڈیزل فروخت ہوا۔ سب سے بڑی گراوٹ فرنس آئل کی طلب میں دیکھی گئی، جہاں ماہانہ بنیادوں پر 56 فیصد کمی کے ساتھ صرف 1 لاکھ 37 ہزار ٹن فرنس آئل فروخت کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ کے دوران ملک میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 37 لاکھ 58 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت کی جاچکی ہیں۔
ماہرین اس رجحان کو بڑھتی ہوئی قیمتوں اور صارفین کی قوتِ خرید میں کمی کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔