راولپنڈی میں پولیس کو دیکھ کر رستہ بدلنے والا مشکوک بھارتی باشندہ گرفتار

image

راولپنڈی تھانہ ویسٹریج کی حدود میں پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا، جس نے دورانِ تفتیش خود کو بھارتی شہری ظاہر کیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ چوہڑ چوک کے قریب پیش آیا، جہاں ایک شخص دھمیال کی جانب جا رہا تھا کہ پولیس کو دیکھ کر اچانک واپس مڑ گیا۔ مشتبہ حرکت پر اہلکاروں نے اسے روک کر پوچھ گچھ کی۔

دورانِ تلاشی ملزم کے پاس سے کوئی شناختی دستاویزات برآمد نہ ہوئیں۔ ملزم نے اپنا نام دلیر مشتاق ولد مشتاق احمد صوفی بتایا اور دعویٰ کیا کہ وہ بھارت کا رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے دو بال پین اور 1750 روپے پاکستانی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر مقیم تھا، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے پاکستان میں داخلے کے طریقہ کار اور ممکنہ روابط کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US