سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل ڈیولپمنٹ سب کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپورٹس اور یوتھ افیئرز کی 9 مختلف اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔
سیکریٹری اسپورٹس نے اجلاس میں اہم منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے 500 پارکس میں اوپن ایریا جم اور پلے ایریاز تعمیر کیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے 'وزیراعلیٰ پنجاب کھیلتا پنجاب ہیلتھ انشورنس کارڈ' کا اجراء کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 5 ہزار کھلاڑیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں، چیف منسٹر یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کی تشکیل اور نوجوانوں میں فری کٹس کی تقسیم کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔
جدید تقاضوں کے مطابق 'ای اسپورٹس' پروگرام کے آغاز کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ لیب قائم کی جائے گی۔ سیکریٹری اسپورٹس کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی ہدف ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب میں نئے اسپورٹس کمپلیکس اور اسٹیڈیمز کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں کھیلوں کو فروغ دیا جاسکے۔