کراچی میں بینک ڈکیتی، جاتے ہوئے ڈاکو دروازے کو وائر لاک لگا گئے

image

کراچی کے علاقے پیرآباد میں منگھوپیر روڈ پر واقع نجی بینک میں ڈکیتی کی بڑی واردات پیش آئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، 5 مسلح ملزمان واردات میں ملوث تھے جن میں سے 3 بینک کے اندر داخل ہوئے جبکہ 2 باہر پہرہ دیتے رہے۔

ملزمان نے بینک میں داخل ہوتے ہی سیکیورٹی گارڈ کو قابو کیا اور اس سے پسٹل اور رائفل چھین لی، جس کے بعد کاؤنٹر سے رقم لوٹ لی گئی۔ لوٹی گئی رقم کا حتمی اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

ڈکیتی کے بعد ملزمان نے فرار ہونے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کیا اور بینک کے دروازے کو موٹر سائیکل کے وائر لاک سے باہر سے مقفل کردیا تاکہ تعاقب نہ کیا جا سکے۔

اس وقت کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ پر شواہد جمع کرنے میں مصروف ہے اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US