پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کی تیاریوں کے لیے سینئر ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے، جس کی نگرانی ہیڈ کوچ اولمپین منظور الحسن، اولمپین خواجہ محمد جنید اور اولمپین شکیل عباسی کر رہے ہیں۔
فیڈریشن کی جانب سے مدعو کیے گئے 60 ممکنہ کھلاڑیوں کو آج پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس کے بعد متعدد کھلاڑیوں نے اپنی آمد درج کروا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کے باعث کوچنگ سینٹر کے ایک ایک کمرے میں 10، 10 کھلاڑیوں کو ٹھہرایا گیا ہے، جہاں سہولیات کے فقدان سمیت بیڈز کے میٹرس بھی خستہ حالی کا شکار ہیں۔ تاہم، کمروں میں ایئر کنڈیشنڈ کی سہولت موجود ہے اور کھلاڑی فراہم کردہ کھانے سے مطمئن نظر آتے ہیں۔
کیمپ میں شامل سینئر ٹیم کے متعدد کھلاڑی تاحال شریک نہیں ہوسکے جو آئندہ چند روز میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پرو ہاکی لیگ کے لیے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 12 اور 13 مئی کو لاہور میں منعقد ہوں گے۔