پاکستان نے پہلے خواتین کے ون ڈے میچ میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کو شکست دے دی۔ پیر کو کراچی میں کھیلے گئے ڈیئر نائٹ میچ میں پاکستان ویمن نے اپنے اننگز میں پانچ وکٹوں پر 330 رنز اسکور کیے اور اس کا دفاع کرتے ہوئے زمبابوے ویمن کے خلاف 168 رنز سے فتح حاصل کی۔
یہ پہلی دفعہ ہے کہ زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔
رنز کے اعتبار سے یہ پاکستان ویمن کی ون ڈے کرکٹ میں دوسری بڑی فتح ہے، اس سے قبل 2011 میں نیدر لینڈز کے خلاف 193 رنز کی سب سے بڑی جیت ریکارڈ کی گئی تھی۔ 168 رنز کی یہ کامیابی 2013 میں آئرلینڈ کے خلاف حاصل کی گئی 157 رنز کی جیت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فہرست میں تیسرے نمبر پر لے آئی ہے۔
اس جیت کے بعد آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے چار میچوں میں پاکستان کے چار پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں اوپننگ بیٹر صدف شمس 130 گیندوں پر 17 چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنا کر نمایاں رہیں، وہ اپنی پہلی ون ڈے سنچری سے محض دو رنز کی دوری پر 34 ویں اوور میں 195 کے مجموعی اسکور پر پریشس مارانگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔
اس سے قبل انہوں نے گل فیروزہ کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 162 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ گل فیروزہ نے 60 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے اور قدزئی چگورا کی گیند پر بولڈ ہوئیں۔ 162 رنز کی یہ شراکت پاکستان ویمن کی ون ڈے تاریخ میں اوپننگ وکٹ کے لیے دوسری بڑی اور کسی بھی وکٹ کے لیے تیسری بڑی شراکت ہے۔
سدرہ امین نے 59 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 67 رنز کا حصہ ڈالا، جبکہ ناجیہ علوی نے 30 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز کی برق رفتار ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر پاکستان کا اسکور 330 سے تجاوز کرا دیا۔ ناجیہ علوی نے ویمن ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری بنانے کا کپتان فاطمہ ثناء کا ریکارڈ بڑے فرق سے توڑ دیا۔
انہوں نے اپنی پہلی ون ڈے نصف سنچری صرف 24 گیندوں پر مکمل کر کے فاطمہ کا 35 گیندوں والا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ یہ ویمنز ون ڈے کی تاریخ کی مشترکہ طور پر پانچویں تیز ترین نصف سنچری بھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر اپنا دوسرا بڑا مجموعی اسکور بھی ترتیب دیا۔
زمبابوے کی جانب سے مارانگے نے 10 اوورز میں 39 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 36.4 اوورز میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بیلوڈ بیزا 53 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ کیلس ندھلوو نے 31 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر 20 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکی۔
پاکستان کی جانب سے تسمیہ رباب نے 21 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان فاطمہ ثناء نے پانچ اوورز میں 28 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سیدہ عروب شاہ نے 9 اوورز میں دو میڈن سمیت 38 رنز دے کر دو وکٹیں لیں۔