سرمایہ کاروں کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج، وزارت خزانہ اور دیگر ریگولیٹری اداروں نے مل کر کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلی بار باضابطہ طور پر کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ قائم کر دیا گیا ہے جس کا ابتدائی سرمایہ 15 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ اس فنڈ کا مقصد پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کل ہونے والی خصوصی تقریب میں وزیر خزانہ اس اہم منصوبے کا باضابطہ اعلان کریں گے جبکہ اس موقع پر فنڈ کے قیام کے لیے پانچ بڑے اداروں کے درمیان معاہدے پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان، سنٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، پی میکس اور آئی ایف ایم پی اس فنڈ میں حصہ ڈالیں گے جبکہ ہر ادارہ ابتدائی طور پر 3 کروڑ روپے جمع کرائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پانچوں ادارے ہر سال اپنے ریونیو کا ایک فیصد بھی اس فنڈ میں شامل کریں گے۔ تقریب میں چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سمیت معروف کاروباری شخصیات اور ماہرین شرکت کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث حالیہ عرصے میں اسٹاک مارکیٹ میں 15 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے تاہم رواں سال کے ابتدائی چار ماہ میں 12 نئی کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہو چکی ہیں۔
ماہرین کے مطابق کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا قیام شیئر بزنس اور مجموعی مارکیٹ کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔