انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سالانہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ورلڈ چیمپئن بھارت بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، تاہم بھارتی ٹیم کے مجموعی رینکنگ پوائنٹس میں ایک پوائنٹ کی کمی ہوئی ہے۔
سالانہ رینکنگ میں ٹاپ سات ٹیموں کی پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، جس کے مطابق انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، پاکستان چھٹے اور ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔
رینکنگ میں بنگلا دیش نے ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ ترقی کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی ہے، جبکہ سری لنکا کے پوائنٹس میں کمی کے باعث وہ نویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ افغانستان رینکنگ میں دسویں، زمبابوے گیارہویں اور آئرلینڈ بارہویں نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کی تازہ ترین سالانہ رینکنگ کے مطابق آسٹریلوی ویمن ٹیم اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے، تاہم کینگروز ویمن کے رینکنگ پوائنٹس میں ایک پوائنٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تازہ رینکنگ کی اہم بات یہ ہے کہ ٹاپ 10 ٹیموں کی پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کی ویمن ٹیم دوسرے اور بھارتی ویمن ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں اور ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔ سری لنکن ویمن ٹیم ساتویں جبکہ پاکستان ویمن ٹیم اپنی آٹھویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔
رینکنگ میں آئرلینڈ نویں اور بنگلا دیش دسویں نمبر پر موجود ہے۔