وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان (MUFAP) کے وفد سے ملاقات کی، جس میں بچت کے فروغ اور آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27 سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ میں ہونے والی اس ملاقات میں MUFAP کے چیئرمین شہزاد دادا کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے اثاثہ جاتی نظم و نسق (ایسٹ مینجمنٹ) کی صنعت کے پالیسی مکالمے میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میوچل فنڈز سیکٹر بچت کے فروغ، مالیاتی نظام کی مضبوطی اور کیپٹل مارکیٹس کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس میں مجموعی بچت کے نظام اور سرمایہ کاروں کے لیے مالیاتی آلات کو مزید مؤثر اور وسیع بنانے پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بچت کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ طویل المدتی مالیاتی اہداف حاصل کیے جاسکیں۔
ملاقات میں میوچل فنڈز انڈسٹری سے متعلق بجٹ فریم ورک اور ریگولیٹری اصلاحات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے متبادل فنڈز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
شرکاء نے میوچل فنڈز میں عام سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے کو ترجیح قرار دیتے ہوئے مالی شمولیت کے فروغ پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ نان بینک مالیاتی اداروں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی بات کی گئی۔
اجلاس میں نیشنل سیونگز اسکیمز (NSS) پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ان اسکیموں کو مارکیٹ کے مجموعی نظام سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ مسابقتی توازن برقرار رکھا جاسکے۔
وزیر خزانہ نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بجٹ سازی کے عمل میں غور کے لیے شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور مستحکم معیشت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات میں MUFAP کے اعلیٰ عہدیداران اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔