پرو لیگ میں شرکت پاکستان ہاکی کے لیے مثبت قدم ثابت ہوئی، عماد شکیل بٹ

image

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پہلی بار شرکت پاکستان ہاکی کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوئی ہے۔ اس سے ہمیں دنیا کی بہترین ٹیموں کے مقابلے کے معیار کو سمجھنے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ مڈفیلڈ میں بال پوزیشن بہتر بنانے اور ہائی پریشر میں پُرسکون کھیل پیش کرنے پر ہے۔ سرکل کے اندر فِنشنگ کی درستگی اور پنالٹی کارنر کنورژن کو 40 فیصد سے زیادہ کرنا ہوگا۔ دفاع میں چھوٹی غلطیوں سے بچنا ضروری ہے کیونکہ بڑی ٹیمیں ہر غلطی کا فائدہ اٹھاتی ہیں۔ گول کیپنگ ہمارا ایک اہم مسئلہ ہے، جہاں ہم اہم لمحات میں دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں، تاہم ہم اس پر بھرپور کام کررہے ہیں۔

جون میں ہونے والا پرو لیگ مرحلہ عالمی کپ اور ایشین گیمز سے قبل تیاری کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا ہے۔ عماد شکیل بٹ کے مطابق مسلسل عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنا ٹیم کو جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بنائے گا۔

بھارت کے خلاف میچز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ہر ٹیم برابر ہے۔ اگرچہ پاک بھارت مقابلے میں اضافی جوش ہوتا ہے، لیکن ہماری توجہ اپنی کارکردگی پر مرکوز رہے گی۔

انہوں نے شائقین کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مداح ہمارے لیے میدان میں ایک اضافی طاقت ہوتے ہیں۔ ان کی حمایت ہمیں اپنی حدوں سے آگے جانے کا حوصلہ دیتی ہے۔

اپنے پیغام میں کپتان نے کہا کہ قوم ٹیم پر اعتماد رکھے، ہم ہر میچ میں پوری جان لڑائیں گے اور پاکستان کا پرچم بلند کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انشاءاللہ پاکستان ہاکی دوبارہ عروج حاصل کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US