پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے تمام پچھلے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، جہاں اپریل کے مہینے میں 24,150 نئے سرمایہ کاروں نے اپنے اکاؤنٹس کھولے ہیں۔
سرکاری ڈیٹا کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں انویسٹر اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد اب 545,000 سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ مارکیٹ میں موجود تمام اقسام کے سرمایہ کاروں کی کل تعداد 1.33 ملین سے زائد ہوچکی ہے۔
اس غیر معمولی اضافے کی ایک بڑی وجہ 'سہولت اکاؤنٹ' میں سرمایہ کاری کی حد کو 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنا قرار دی جا رہی ہے، جس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پہلی بار سرمایہ کاری کرنے والے ریٹیل انویسٹرز اور خاص طور پر 'جین زی' (Gen Z) سمیت نوجوان طبقے کی بڑی تعداد میں آمد اس بات کی عکاس ہے کہ ملکی کیپٹل مارکیٹ پر نوجوانوں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔