وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا افتتاح کردیا

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی سرپرستی میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا جس کا مقصد سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ، مالیاتی آگاہی کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

تقریب میں فنڈ کے قیام کے معاہدے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج، نیشنل کلئیرنگ کمپنی آف پاکستان، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج اور انسٹیٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس آف پاکستان کے نمائندوں نے دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹس معاشی خودمختاری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں اور پاکستان کو اپنے معاشی فیصلے خودمختاری کے ساتھ کرنے ہوں گے۔ انہوں نے توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ اور مقامی وسائل پر انحصار بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی دباؤ کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں جبکہ اسٹاک مارکیٹ نے مشکل حالات میں بھی مضبوطی دکھائی جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے بتایا کہ ملک میں سرمایہ کاروں کی تعداد آبادی کے ایک فیصد سے بھی کم ہے تاہم آئندہ چند برسوں میں اسے بڑھا کر 25 لاکھ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 کے دوران تقریباً 24 ہزار نئے سرمایہ کار مارکیٹ میں شامل ہوئے جبکہ ایکویٹی مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US