اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام ’معرکہ حق‘ کی مناسبت سے کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، جس کے سلسلے میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ایک خصوصی ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا۔
اس میچ میں پنجاب گرین اور پنجاب بلیوز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، جبکہ پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں نے بھی میدان میں اتر کر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر میچ کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ اس موقع پر نامور ہاکی اولمپئنز، مختلف کلبوں کے کھلاڑیوں اور اسپورٹس بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
’معرکہ حق‘ کے ان پروگرامز کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں ہاکی کے علاوہ کراٹے، سائیکلنگ اور ’شیرِ لاہور‘ دنگل جیسے روایتی اور مقبول کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔