پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے رواں سال کے مصروف ترین شیڈول کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق پاکستان اس سال مجموعی طور پر 9 ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ یہ تمام میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اور طویل عرصے بعد پاکستان ایک ہی سال میں اتنی بڑی تعداد میں ٹیسٹ میچز کھیلنے جا رہا ہے۔
اس سلسلے کا آغاز جمعہ سے بنگلا دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا، جس کے بعد جولائی اور اگست میں قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اگست اور ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف تین اہم ٹیسٹ میچز کھیلے گا، جبکہ سال کے اختتام پر نومبر میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اب تک ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف دو میچز کھیل سکا ہے جو گزشتہ سال نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے تھے اور وہ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ کے علاوہ وائٹ بال کرکٹ میں بھی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی۔ آسٹریلوی ٹیم مئی اور جون میں تین ون ڈے میچز کھیلنے پاکستان آئے گی، جبکہ اکتوبر اور نومبر میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
اس ٹرائی سیریز سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی، جبکہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران بھی قومی ٹیم وائٹ بال میچز میں حصہ لے گی۔