پاکستان کاٹن بروکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا شفقت نے کہا ہے کہ کپاس (روئی) کی فصل کی بحالی دراصل ملک کی معاشی بحالی کے برابر ہے، اور اس سلسلے میں کوتاہی ملکی معیشت کو مزید مسائل کا شکار بنا سکتی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپٹما کے چیئرمین میاں ارشد کامران کی جانب سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین کو لکھے گئے خط کی مکمل حمایت کرتے ہیں جس میں کاٹن بحالی پروگرام کے تحت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
رانا شفقت نے کہا کہ اس وقت کپاس کی بوائی کا سیزن جاری ہے اور پنجاب میں صوبائی ہدف کا تقریباً 30 فیصد حصہ مکمل ہو چکا ہے اس لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ کپاس کی پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے وفاقی وزیر سے اپیل کی کہ کاٹن بحالی پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ملکی معیشت کو سہارا دیا جا سکے۔