ملک میں کمپنی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ، اپریل میں 4 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں قائم

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق اپریل کے دوران ملک میں کمپنی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے جس میں 4,082 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 294,101 ہوگئی ہے جبکہ ایک ہی دن میں 340 کمپنیوں کی رجسٹریشن کا بھی نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 22 ممالک سے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیاں رجسٹر کروائیں جن میں صرف چین سے 95 شیئر ہولڈرز شامل ہیں۔ صوبائی سطح پر پنجاب 2,093 کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ اسلام آباد سے 719، سندھ سے 600، خیبرپختونخوا سے 325، گلگت بلتستان سے 276 اور بلوچستان سے 69 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

شعبہ جاتی لحاظ سے آئی ٹی اور ای کامرس سب سے آگے رہا جس میں 832 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ ٹریڈنگ، سروسز، رئیل اسٹیٹ، کنسٹرکشن، سیاحت اور دیگر شعبوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو کے مطابق کمپنی رجسٹریشن میں اضافہ معیشت کے دستاویزی نظام کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US