سابق بھارتی فاسٹ بولر سلیل انکولا ڈپریشن کے باعث ری ہیب میں زیر علاج

image

سابق بھارتی فاسٹ بولر اور نیشنل سلیکٹر سلیل انکولا کو شدید ڈپریشن کے باعث اسپتال داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا مینٹل ہیلتھ کئیر سنٹر میں علاج جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ پونے کے قریب ری ہیب سنٹر میں زیر علاج ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سلیل انکولا 2024 میں والدہ کے انتقال کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار رہے جس کے بعد ان کی طبیعت میں بار بار بگاڑ اور بریک ڈاؤن کی صورتحال پیدا ہوئی۔ اسی باعث اہلخانہ نے انہیں پرسکون ماحول میں علاج کے لیے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اہلیہ کے مطابق ری ہیب میں ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اور کرکٹ سے وابستہ افراد بھی ان کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سلیل انکولا نے 1989 میں کراچی میں پاکستان کے خلاف اپنا واحد ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جس میں سچن ٹنڈولکر اور وقار یونس نے بھی ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 20 ون ڈے میچز میں بھی بھارت کی نمائندگی کی اور بعد ازاں 1997 میں طبی مسائل کے باعث ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ بعد میں وہ سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے اور اداکاری کے شعبے سے بھی وابستہ رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US