سابق آسٹریلوی کرکٹر کے خلاف شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں انہوں نے اپنے رویے کو احمقانہ اور لاپرواہی پر مبنی قرار دیتے ہوئے ذمہ داری قبول کی ہے۔
ان کے وکیل بوبی ہل کے مطابق ڈیوڈ وارنر تسلیم کرتے ہیں کہ انہوں نے شراب نوشی کے بعد ڈرائیونگ کی اور یہ عمل غلط اور غیر ذمہ دارانہ تھا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ وارنر نے گاڑی چلانے سے قبل وائن کے تین گلاس پیے تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکل کیس کی ذمہ داری قبول کریں گے تاہم ڈیوڈ وارنر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ کیس کی سماعت آئندہ ماہ ہوگی۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے دوران کراچی کنگز کی نمائندگی کے بعد کچھ وقت کے لیے سڈنی گئے تھے جہاں اس واقعے کے بعد ان پر چارج عائد کیا گیا۔