بنگلادیش میں بہترین کھیل پیش کرکے ٹیسٹ سیریز نام کریں گے، شان مسعود

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے شیرِ بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکا میں پہلے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم پاکستان کے بہترین کھلاڑی اور بیٹر ہیں، پی ایس ایل میں ان کی کارکردگی شاندار رہی اور امید ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اسی فارم کو برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رنز بنانے سے بابر کا اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ تینوں فارمیٹس کے بہترین پلیئر ہیں۔ شان مسعود کا کہنا تھا کہ موجودہ کوچنگ اسٹاف کے ساتھ تمام کھلاڑیوں نے بہت کرکٹ کھیلی ہے، اسد شفیق اور عمر گل جیسے سابق ساتھیوں کی موجودگی سے ٹیم کا ماحول فیملی جیسا ہے اور کوچز کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں، جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

کپتان نے واضح کیا کہ ٹیم میں بدلہ لینے کا کوئی عنصر موجود نہیں، بنگلا دیش نے 2024 میں بہترین کرکٹ کھیلی اور ان کا فاسٹ بالنگ اٹیک جاندار ہے، تاہم ہمارا پورا فوکس پلان کے مطابق اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 16 رکنی اسکواڈ کنڈیشنز کے لحاظ سے متوازن ہے، عبداللہ شفیق کو فارم کی وجہ سے آرام دیا گیا جبکہ امام الحق نے ہمیشہ اچھا پرفارم کیا ہے۔ پچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پچ پر گھاس موجود ہے جو فاسٹ بالرز کے لیے سازگار لگ رہی ہے، حتمی فیصلہ معائنے کے بعد کیا جائے گا۔

شان مسعود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیسٹ جیتنے کے لیے بیس آؤٹ کرنا ضروری ہے اور انہیں اپنے فاسٹ بالرز پر پورا یقین ہے کہ وہ اگلے دس دنوں میں بہترین کھیل پیش کر کے سیریز اپنے نام کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US