روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (آر ڈی اے) میں سرمایہ کاری کے حجم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ماہانہ سرمایہ کاری 32 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 12 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ اکاؤنٹس کی تعداد 9 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 کے دوران آر ڈی اے میں 26 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی، جبکہ اس سے قبل ماہانہ سرمایہ کاری کا حجم عموماً 15 سے 20 کروڑ ڈالر کے درمیان رہا کرتا تھا۔
حکام کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم میں نان ریذیڈنٹ پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہری بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں، جبکہ بیرون ملک کمپنیاں قائم کرنے والے پاکستانی بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں۔
اسکیم کے تحت سرمایہ کار کسی بھی وقت اپنی اصل رقم یا منافع واپس منتقل کرسکتے ہیں، جس کے باعث بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے بعد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مزید سرمایہ کاری متوقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نان ریذیڈنٹ پاکستانی آن لائن سرٹیفیکیٹ حاصل کر کے فائلر کیٹیگری کے تحت ٹیکس ادائیگی بھی کرسکیں گے۔