کراچی اور لاہور کھانوں کی بحث میں وسیم اکرم بھی شامل

image

پاکستان میں کراچی اور لاہور کے کھانوں پر جاری دلچسپ بحث میں اب سابق کپتان وسیم اکرم بھی شامل ہوگئے ہیں اور انہوں نے دونوں شہروں کے ذائقوں کے حوالے سے اپنی رائے کھل کر بیان کردی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے ہلکے انداز میں کہا کہ وہ کئی دنوں سے دیکھ رہے ہیں کہ کراچی اور لاہور کے کھانے پر لوگوں کے درمیان باقاعدہ جنگ چھڑ چکی ہے۔ ان کے بقول ایسا لگ رہا ہے جیسے صرف کھانے نہیں بلکہ جذبات بھی آمنے سامنے آ گئے ہوں۔

وسیم اکرم نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے، وہیں پیدا ہوئے اور زندگی کے کئی سال وہاں گزارے، لیکن گزشتہ 14 برس سے کراچی میں مقیم ہیں، اس لیے دونوں شہروں کے ذائقوں کا قریب سے تجربہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پی ایس ایل فائنل کے سلسلے میں لاہور جانا ہوا تو پرانی پسندیدہ جگہوں کا رخ کیا۔ وہاں چکڑ چھولے اور چانپیں کھائیں، مگر انہیں محسوس ہوا کہ کھانوں میں مرچوں کا استعمال پہلے سے کہیں زیادہ ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل لاہوری کھانے اتنے تیز مصالحوں والے نہیں ہوا کرتے تھے۔

وسیم اکرم نے اس موقع پر فواد چوہدری کے بیان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ چونکہ یہ بحث اب بہت آگے جا چکی ہے، اس لیے وہ اپنی رائے صاف انداز میں دینا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق لاہور میں کئی جگہوں کا کھانا واقعی بہترین ہے، لیکن کراچی کی خاص بات اس کی ورائٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کے لوگ آباد ہیں، اسی لیے یہاں ہر علاقے میں الگ ذائقہ اور مختلف انداز کا کھانا مل جاتا ہے۔ آخر میں انہوں نے یہی نتیجہ نکالا کہ لاہور کا کھانا اپنے ذائقے کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے، جبکہ کراچی کھانوں کی بے شمار اقسام کی وجہ سے الگ پہچان رکھتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US