فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اینٹی کرپشن ونگ نے صدر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور چاندی برآمد کرلی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق چھاپے کے دوران طارق نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 40 تولہ سونا، 64 کلو گرام چاندی سمیت دیگر سامان برآمد ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ برآمد شدہ سونا اور چاندی اسمگل شدہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان افغانستان، ایران اور چین سے سونا اور چاندی غیر قانونی طور پر پاکستان لاتے تھے۔ مزید یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان مشینری کے ذریعے سونے اور چاندی کے بسکٹ تیار کرکے مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔