پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عباس نے ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کو وہ مایوس کن قرار نہیں دیتے، کیونکہ ٹیم نے بڑی محنت کی لیکن کچھ مواقع پر قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ پچ پر گھاس موجود تھی مگر وہ نیچے سے خشک تھی اور شدید گرم موسم کے باعث بالنگ میں دشواری پیش آئی، تاہم بنگلا دیشی بیٹرز نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
محمد عباس نے نو بالز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اضافی کوشش کے چکر میں نو بالز ہو جاتے ہیں جو نہیں ہونے چاہئیں، خاص طور پر نعمان علی سے اتنے زیادہ نو بالز کی توقع نہیں تھی۔
انہوں نے پچ کو ایک متوازن کرکٹ پچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ٹیم ٹاس جیتتی تو پہلے بولنگ کا ہی فیصلہ کرتی۔ بابر اعظم کی عدم موجودگی پر ان کا کہنا تھا کہ ان کا ٹیم میں نہ ہونا ایک نقصان ضرور ہے، تاہم ٹیم کے باقی کھلاڑی فارم میں ہیں اور نئے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے بھی ڈومیسٹک میں رنز کر رکھے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دوسرے روز جلد وکٹیں لے کر بنگلا دیشی اننگز ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔