ایران اور امریکا کے درمیان متوقع معاہدے سے پیدا ہونے والی مثبت فضا کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک بار پھر تیزی کی راہ پر گامزن رہی جبکہ کاروباری ہفتہ مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوا۔
کاروباری ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً 5 فیصد ریکوری ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 880 ارب روپے سے زائد کا منافع حاصل ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈریڈ انڈیکس ہفتہ بھر میں 8 ہزار 122 پوائنٹس اضافے کے بعد 1 لاکھ 71 ہزار 116 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس 10 ہزار 741 پوائنٹس کے وسیع بینڈ میں ٹریڈ کرتا رہا جہاں ہفتہ وار بلند ترین سطح 1 لاکھ 73 ہزار 274 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 62 ہزار 533 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ بھر میں 210 ارب روپے مالیت کے 4 ارب 36 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 880 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 18 ہزار 903 ارب روپے ہو گئی۔