شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ اننگز محتاط انداز میں جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کر دیا ہے۔اس وقت کریز پر امام الحق اور ڈیبیوٹنٹ اذان اویس موجود ہیں اور پاکستان نے 15 اوورز کا کھیل مکمل کر لیا ہے۔
اس سے قبل بنگلادیش نے دوسرے دن کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز سے کیا تھا، تاہم پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث پوری ٹیم 413 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3، حسن علی اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔