معرکہ حق گیمز 2026: سائیکلنگ ریس کا شاندار انعقاد

image

اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام معرکہ حق گیمز 2026 کے سلسلے میں تیسرے روز سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق ریس کا افتتاح وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور قومی پرچم بھی لہرائے۔

مہمان خصوصی سلمان ملک نے کہا کہ معرکہ حق سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے اور ایک سال قبل ہونے والے اس واقعے کو یادگار انداز میں منایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے پوری قوم اور افواج پاکستان سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ ان ایونٹس کا مقصد پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنا اور نوجوانوں میں کھیلوں کا فروغ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہاکی، کراٹے اور سائیکل ریس کے کامیاب ایونٹس منعقد کیے جا چکے ہیں، جبکہ کل پنجاب اسٹیڈیم میں شیر لاہور دنگل کا انعقاد کیا جائے گا۔

سائیکلنگ ریس کے دوران ملی نغموں نے سماں باندھ دیا جبکہ اختتام پر مہمانان خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US