برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ مستقبل کے فکسچر پروگرام کے تحت پاکستان سمیت مختلف ٹیموں کے ساتھ طویل ٹیسٹ سیریز کی میزبانی پر غور کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق منصوبے کے تحت انگلینڈ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کی میزبانی کر سکتا ہے، جس کے لیے ابتدائی بات چیت بھی کی جا چکی ہے۔
اسی طرح بنگلادیش اور سری لنکا کے ساتھ ایک ٹیسٹ میچ کی سیریز اور وائٹ بال سیریز بھی ایف ٹی پی میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ وائٹ بال سیریز کو مالی طور پر زیادہ فائدہ مند قرار دیا جا رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کا آئندہ ایف ٹی پی 2027 سے 2031 تک ہوگا، جس کا آغاز آسٹریلیا کے خلاف ہوم ایشیز سیریز سے ہوگا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجوزہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیموں کی تعداد 12 تک بڑھائی جا سکتی ہے، جس میں آئرلینڈ، زمبابوے اور افغانستان جیسے ممالک کی شمولیت بھی زیر غور ہے۔
انگلینڈ نے زمبابوے کے خلاف 1996-97 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کی میزبانی پر بھی غور شروع کر دیا ہے تاہم افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ نہ کھیلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔