سی پورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، شپنگ کمپنی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد

image

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے امیگریشن ونگ نے کراچی سی پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی جہاز میں سنگین بے ضابطگی پکڑلی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، آئل ٹینکر MT Asana کی چیکنگ کے دوران اس میں سوار ایک غیر ملکی کریو ممبر کی سفری دستاویزات ایکسپائرڈ (غیر موثر) پائی گئیں۔

دورانِ معائنہ معلوم ہوا کہ عملے میں شامل ایک شامی شہری ایکسپائرڈ سی مین بک پر سفر کر رہا تھا، جبکہ اس کے پاس فلیگ اسٹیٹ دستاویزات بھی موجود نہ تھیں۔ ایف آئی اے کی کڑی چیکنگ کے نتیجے میں بین الاقوامی میری ٹائم قوانین کی یہ سنگین خلاف ورزی سامنے آئی، جس پر کریو ممبر نے دورانِ پوچھ گچھ اعتراف کیا کہ اس نے اپنی سی مین بک کی تجدید نہیں کروائی تھی۔

مذکورہ خلاف ورزی پر ایف آئی اے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جہاز کے ماسٹر کو طلب کیا اور شپنگ کمپنی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ جرمانے کا چالان سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔

ایف آئی اے نے کمپنی کو باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی سلامتی اور میری ٹائم سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کراچی پورٹ پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور مشکوک غیر ملکی عملے و دستاویزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US