پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے مسلسل دو میچوں میں تاریخی فتوحات حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ ٹیم نے اپنی ان فتوحات کو 'معرکۂ حق' اور پاکستان کی مسلح افواج کے نام منسوب کیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے انڈونیشیا کو 0-2 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، جہاں کاشف خان نے دو گول اسکور کیے۔ دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے مزید عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے میکسیکو کو 0-5 کے بھاری مارجن سے شکست دی۔ اس میچ میں کاشف خان اور عیسیٰ خان نے دو، دو جبکہ شاہد انجم نے ایک گول اسکور کیا۔
شاندار کامیابیوں کے بعد کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ نے اپنی فتوحات کو پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں، بہادری اور قومی خدمات کے نام کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ٹیم نمائندگان کا کہنا تھا کہ یہ فتوحات پوری قوم کے لیے ہیں اور وہ اپنی کامیابیوں کو 'معرکۂ حق' کے بہادر سپاہیوں کے نام کرتے ہیں جن کی خدمات ان کے لیے ہمیشہ باعثِ حوصلہ ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے اتحاد اور غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کی بہترین عکاس ہے۔پوری قوم کی دعاؤں کے ساتھ پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ورلڈ کپ کے آئندہ میچز میں بھی اسی بلند عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔