کراچی: ضلع ملیر کی جیل سے قتل اور اغوا میں ملوث ایک قیدی کے فرار ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جوہرآباد تھانے کی حدود میں شہری ریحان کے اغوا اور بعد ازاں قتل میں ملوث ملزم نوید عرف پولکا چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اس کی نشاندہی پر مغوی کی لاش بھی برآمد کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملیر جیل میں معرکۂ حق سے متعلق تقریب کے بعد معمول کی گنتی کی گئی تو ایک قیدی کم پایا گیا، جس پر انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ مذکورہ قیدی لاپتہ ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مفرور قیدی نوید ماضی میں صحافی ولی بابر قتل کیس میں بھی گرفتار رہا ہے، تاہم بعد ازاں عدم شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی ملیر جیل سے 200 سے زائد قیدیوں کے فرار کے بعد سیکیورٹی سخت کی گئی تھی، تاہم حالیہ واقعے نے ایک بار پھر جیل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔