چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے مدرز ڈے پر زمبابوے کے خلاف کلین سویپ کرنے پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مدرز ڈے منانے کا یہ ایک خوبصورت انداز ہے کہ پاکستان کی قابلِ فخر بیٹیوں نے زمبابوے ویمن ٹیم کو 0-3 سے شکست دے کر متعدد بین الاقوامی ریکارڈز قائم کیے اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ انہوں نے اس تاریخی فتح کو پاکستان کی تمام ماؤں کے نام منسوب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری باصلاحیت بیٹیوں نے مدرز ڈے پر اپنی ہمت اور کارکردگی سے ایک شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے پاکستان ویمن ٹیم کو ان کی بہترین کارکردگی، جذبے اور فائٹنگ اسپرٹ پر بھرپور مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ویمن کرکٹ کا مستقبل روشن ہے، ان لڑکیوں نے قوم کو فخر اور خوشی کا ایک یادگار لمحہ دیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں کھلاڑیوں کو "شاباش لڑکیو" کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آپ پر فخر ہے، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔