سری لنکن کرکٹ بورڈ نے آئیکن اور اسٹار کیٹیگریز نیلامی سے متعلق شرط ختم کردی

image

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل اور تنقید کے بعد اپنی وہ شرط ختم کردی ہے جس کے تحت 'آئیکن' (Icon) اور 'اسٹار' (Star) جیسی اعلیٰ کیٹیگریز میں نیلامی کے لیے رجسٹریشن کروانے والے کھلاڑیوں کے لیے کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار سوشل میڈیا فالوورز اور مضبوط ڈیجیٹل موجودگی ہونا لازمی تھی۔

سری لنکن بورڈ نے 9 مئی کو گائیڈ لائنز جاری کی تھیں، جس میں یہ شرط رکھی گئی تھی کہ 'آئیکن' اور 'اسٹار' کیٹیگریز میں رجسٹریشن کروانے والے تمام کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ ان کی ڈیجیٹل میڈیا پر مضبوط پہچان ہو اور کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار فالوورز ہوں۔

اس فیصلے پر کرکٹ حلقوں میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور شائقین نے سری لنکن بورڈ سے یہ سوال پوچھا کہ سوشل میڈیا فالوورز کا کسی کھلاڑی کی کارکردگی، صلاحیت اور شہرت سے کیا تعلق ہے؟ ان کا موقف تھا کہ سری لنکا کی پریمیئر ٹی 20 لیگ میں کھلاڑیوں کی درجہ بندی محض کرکٹ کی میرٹ اور قابلیت پر ہونی چاہیے۔

2 لاکھ 50 ہزار سوشل میڈیا فالوورز کے علاوہ 'آئیکن' اور 'اسٹار' کیٹیگریز میں رجسٹریشن کے لیے کھلاڑیوں کا کم از کم 75 بین الاقوامی ٹی 20 میچز، 100 سے زائد فرنچائز ٹی 20 میچز کھیلنا اور گزشتہ 18 ماہ میں 30 میچوں میں شرکت کرنا بھی لازمی ہے۔

سری لنکن پریمیئر لیگ رواں سال 10 جولائی سے 5 اگست تک شیڈول ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر بھی سری لنکن پریمیئر لیگ میں ایک فرنچائز کے مالک ہیں اور کئی پاکستانی کھلاڑی اس لیگ کی نیلامی کا حصہ بنتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US