مشرق وسطیٰ کشیدگی کے اثرات، ترسیلات زر میں کمی ریکارڈ

image

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے اثرات اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر بھی پڑنے لگے ہیں جبکہ اپریل کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن بھیجی جانے والی رقوم میں ماہانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 میں اوورسیز پاکستانیوں نے 3 ارب 50 کروڑ ڈالر وطن بھیجے جبکہ مارچ میں یہ رقم 3 ارب 83 کروڑ ڈالر رہی تھی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سے آنے والی ترسیلات زر میں 4 سے 11 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر ترسیلات زر میں 8 فیصد کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیاد پر 11 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں پاکستان کو مجموعی طور پر 33 ارب 86 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہیں۔

اپریل میں سب سے زیادہ زرمبادلہ سعودی عرب سے آیا جہاں مقیم پاکستانیوں نے 84 کروڑ 20 لاکھ ڈالر وطن بھیجے، جبکہ یو اے ای سے 73 کروڑ 50 لاکھ، برطانیہ سے 56 کروڑ 40 لاکھ اور امریکا سے 32 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US